ڈھاکا (ویب ڈیسک) ہالی وڈ سپر اسٹار اور اقوام متحدہ کی مہاجرین سے متعلق خصوصی نمائندہ انجلینا جولی نے بنگلہ دیش میں روہنگیا مہاجرین کے کیمپ کے دورے میں میانمار سے روہنگیا مسلمانوں کے خلاف انتہا پسندی کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق انجلینا جولی نے یہ مطالبہ بنگلہ دیش کے ضلع کاکس بازار میں روہنگیا مسلمانوں سے ملاقات کے دوسرے روز کیا، جن میں ریپ متاثرین بھی شامل تھے۔
خیال رہے کہ میانمار کی شمالی ریاست رخائن میں مسلمانوں کے قتل عام کے بعد 7 لاکھ سے زائد روہنگیا مسلمان ملک چھوڑنے پر مجبور ہوئے تھے۔
روہنگیا پناہ گزینوں کی آمد سے قبل یہاں 3 لاکھ افراد کیمپوں میں موجود تھے جس وجہ سے بنگلہ دیش کے وسائل محدود ہوگئے ہیں۔
انجلینا جولی نے یہ دورہ ایک ایسے وقت میں کیا ہے جب اقوام متحدہ کی جانب سے کیمپوں میں موجود 10 لاکھ روہنگیا مسلمانوں کے لیے ایک ارب ڈالر امداد کی فراہمی کی اپیل متوقع ہے۔
انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ ’ان خاندانوں سے ملاقات کرنا انتہائی پریشان کن تھا جو زندگی بھر صرف پراسیکیوشن اور بے وطن ہونے سے آگاہ رہے ہیں اور جو اپنے ساتھ روا رکھنے جانے والے ’جانوروں جیسے سلوک‘ کا احوال سناتے ہیں۔
انجلینا جولی کا کہنا تھا کہ ’جن روہنگیا خاندانوں سے میں ملی ہوں وہ دیگر پناہ گزینوں سے ایک معاملے میں مختلف نہیں کہ وہ اپنے گھر واپس جانے کے قابل ہونا چاہتے ہیں‘۔
انہوں نے اس بات پر اصرار کیا کہ ’ پناہ گزینوں کو اسی وقت گھر واپس جانا چاہیے جب وہ اسے محفوظ سمجھیں اور اس بات سے آگاہ ہوں کہ ان کے حقوق کا احترام کیا جائے گا‘۔
انجلینا جولی نے کہا کہ ’میں گزشتہ روز ایک خاتون سے ملی جو میانمار میں ریپ کا شکار ہوئی تھیں، انہوں نے کہا کہ اگر اپنے حقوق کے بغیر واپس جاتی ہوں تو آپ کو مجھے قتل کرنا ہوگا‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ان حقوق کو یقینی بنانے اور روہنگیا مسلمانوں کی رخائن ریاست واپسی کو ممکن بنانے کی ذمہ داری میانمار کی حکومت اور حکام پر عائد ہوتی ہے۔’
انجلینا جولی نے رخائن میں انتہا پسندی کے خاتمے کا مطالبہ کیا جسے اقوام متحدہ کے حکام نے نسل کشی قرار دیتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’میں میانمار حکام سے اصرار کرتی ہوں کہ وہ تشدد اور بے گھر ہونے کے سلسلے کو ختم کرنے اور رخائن ریاست میں حالات کو بہتر بنانے میں ضروری عزم کا اظہار کریں۔’
اقوام متحدہ کے بیان کے مطابق انجلینا جولی اپنے دورے کے اختتام پر ڈھاکا میں بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد، وزیر خارجہ اے کے عبدالمیمن اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ بنگلہ دیشی حکام سے مذاکرات میں بنگلہ دیش میں مقیم روہنگیا مسلمانوں کو آباد کرنے کے مستحکم حل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔