عدالتیں اور عدالتی نظام ’’ ظالم‘‘ کا ساتھ دیتے ہیں: بلاول بھٹو زرداری

ملتان (ڈیلی اردو/ آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نئے پاکستان میں عدلیہ پر حملے، ججز کیخلاف سازشیں ہو رہی ہیں، آمر کے بنائے ادارے جمہوری جماعتوں پر دباؤ ڈال رہے ہیں، حکومت مخالف بولنے والوں کیخلاف نیب حرکت میں آتا ہے، عدالتیں اور عدالتی نظام ’’ ظالم‘‘ کا ساتھ دیتے ہیں۔

بدھ کے روز چیئرمین پیپلزپا رٹی بلاول بھٹو زرداری نے ملتان ہائی کورٹ بار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کو آئین دیا اور انہیں راولپنڈی میں پھانسی دے دی گئی، ان کی بیٹی بیظیر بھٹو کو راولپنڈی میں مار دیا گیا اور اب پارٹی کے نائب چیئرمین آصف علی زرداری کو راولپنڈی میں قید کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی عدلیہ پر حملے ہورہے ہیں اور ججز کے خلاف سازشیں اور غیر جمہوری اقدامات کیے جارہے ہیںِ، سپریم کورٹ سے لے کر ہائی کورٹ کے ججز تک ریاست انہیں زبردستی نکالنا چاہتی ہے، جمہوری قوتوں پردباؤ ڈالنے والے ادارے نے انصاف کامذاق بنارکھاہے، چیئرمین نیب نے کہاشفاف احتساب کیاتوتحریک انصاف کی حکومت گرجائیگی، نئے پاکستان میں آمر کے بنائے ادارے کو جمہوری جماعتوں پر دباؤ ڈالنے کیلئے استعمال کیا جارہاہے۔

انہو ں نے کہا کہ ضیاء آمریت میں ملک کے آئین اور قانون کو اسلام کے نام پر بگاڑا گیا، معاشرے میں خاص سوچ پیدا کی گئی جس سے ملکی نظام، ثقافت، وفاقی اور جمہوریت کو نقصان پہنچا۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ نئے پاکستان میں بھی جعلی کیسز کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، نظام انصاف کو مذاق بنایا ہوا ہے، حکومت کے خلاف جو بھی بولتاہے ان کے خلاف نیب کو استعمال کیا جارہاہے، کراچی میں درج مقدمے کا ٹرائل پنڈی میں کیوں ہوتا ہے،

آصف علی زرداری کو 11 برس جیل میں رکھنے کے بعد باعزت بری کردیا گیا اور اب دوبارہ جیل میں ڈال دیا گیا پارٹی کے خلاف علیحدہ قانون کیوں بنایا جاتا ہے، عوام گواہ ہیں کہ ہمارے ملک کی عدالتیں اور عدالتی نظام زیادہ تر ظالم‘ کا ساتھ دیتے ہیں۔ چیرمین پی پی پی نے مزید کہا کہ عدلیہ کی کہانی پیپلزپارٹی سے علیحدہ نہیں کی جاسکتی، عوام انتظارمیں ہیں کہ عدلیہ تسلیم کرے ذوالفقار بھٹو بیگناہ تھے، عوام گواہ ہیں عدالتیں مظلوم کا ساتھ نہیں دیتیں،ہمارا نظام انصاف زیادہ تر ظالم کا ساتھ دیتا ہے، بھٹو کو انصاف نہیں دے سکے تو اس کی بیٹی کو تو انصاف دے دو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں