دمشق + انقرہ (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسیاں) شام میں ترک فوج نے کارروائی کرتے ہوئے داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کی بڑی بہن کو گرفتار کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترک حکام نے بتایا کہ شام کے صوبے حلب کے علاقے اعزاز میں ترک فوج نے چھاپہ مار کر 65 سالہ رسمیہ عواد کو فیملی سمیت گرفتار کرلیا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے ایک سینئر ترک عہدیدار کے حوالے سے بتایا ہے کہ ترک فورسز نے ابوبکر البغدادی کی بہن کو شمالی شام کے علاقے عزاز کے ٹاؤن کے قریب کارروائی کے دوران گرفتار کیا۔ مذکورہ عہدیدار نے البعدادی کی گرفتار بہن کا نام راسمیا عواد بتایا ہے۔ ان کے مطابق راسمیا عواد 1954 میں پیدا ہوئی تھیں۔گرفتاری کے وقت راسمیا عواد اپنے شوہر، بہو اور پابچ بچوں کے ساتھ تھیں۔
ترک حکام کا کہنا ہے کہ رسمیہ عواد سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے اور ان سے دولت اسلامیہ کے بارے میں بہت سی معلومات مل سکتی ہیں جن میں داعش کی اندر کی معلومات بھی شامل ہوسکتی ہیں۔
ایک اعلیٰ ترک سرکاری اہلکار نے نیوز ایجنسی روئٹرز کو بتایا ، ”جو کچھ بھی یہ خاتون جانتی ہے، اس کی مدد سے ہم نہ صرف ایک شدت پسند گروہ کے طور پر داعش کو زیادہ بہتر طور پر سمجھ سکیں گے بلکہ ایسی معلومات کی بنا پر ‘اسلامک اسٹیٹ‘ کے مزید سرکردہ ارکان بھی گرفتار کیے جا سکیں گے۔‘‘
شمال مشرقی شام میں اعزاز کا شہر ایک اسے علاقے میں واقع ہے، جس کا انتظام ترکی کے پاس ہے۔ اس خطے میں متحدہ شامی فورسز نامی مسلح قوتوں کو غلبہ حاصل ہے اور اس علاقے کو ‘فرات کی ڈھال‘ والا علاقہ بھی کہا جاتا ہے۔
ترک حکومتی ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ رسمیہ عود کی گرفتاری کے وقت اعزاز میں اس خاندان کے رہائشی کنٹینر میں رسمیہ کا شوہر، بہو اور پانچ بچے بھی موجود تھے۔ یہ سب اس وقت ترک حکام کی حراست میں ہیں اور بالغوں سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
نیوز ایجنسی اے پی کے مطابق ابوبکر البغدادی کی اس بہن کے بارے میں بہت کم معلومات دستیاب ہیں۔ اب تک صرف یہ بات واضح ہے کہ عراقی شہری البغدادی اپنے خاندان میں اپنے اس بھائی کے زیادہ قریب تھا، جو ابو حمزہ کے نام سے جانا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں امریکی اسپیشل فورسز نے شمالی شام میں آپریشن کرتے ہوئے داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی، دو بیویوں اور 3 بچوں سمیت متعدد عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا تھا۔