پشاور میں 9 سال بعد نیشنل گیمز کا آغاز

پشاور (ڈیلی اردو) ملک میں کھیلوں کے سب سے بڑے مقابلے ‘نیشنل گیمز’ پشاور میں شروع ہوگئے ہیں جن میں 10 ہزار کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔

33 ویں نیشنل گیمز کا قیوم اسپورٹس کمپلیکس پشاور میں آغاز ہوا۔ وزیراعلی خیبر پختونخواہ محمود خان نے گیمز کا افتتاح کیا۔ رنگا رنگ تقریب میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔

اس موقع پر کور کمانڈر پشار شاہین مظہر، سینئر صوبائی وزیر عاطف خان بھی موجود تھے۔ گیمز میں چاروں صوبوں کے علاوہ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد کی ٹیمیں بھی حصہ لے رہی ہیں۔

سابق اولمپئین قاضی صلاح الدین نے شمع روشن کی اور ٹیموں نے مارچ پاسٹ کیا۔ ایس ایس جی کمانڈوز دس ہزار فٹ کی بلندی سے پیراشوٹ کے ذریعے اسٹیڈیم میں اترے۔ اسکول کی بچیوں نے قومی نغمہ پیش کیا۔

نامور گلوکار سلمان احمد نے بھی دل دل پاکستان نغمہ پیش کیا اور اسٹیڈیم میں موجود لوگوں کا لہو گرمایا۔ نیشنل گیمز میں 60 کھیلوں کو شامل کیا گیا ہے جن میں دس ہزار کھلاڑی اور ساڑھے چھ ہزار اتھلیٹ شرکت کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ پشاور میں آخری بار نیشنل گیمز کا انعقاد 2010 میں ہوا تھا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں