مقبوضہ کشمیر میں بھارتی لاک ڈاؤن اور کرفیو کو 100 دن مکمل، 48 گھنٹوں کے دوران 3 کشمیری شہید

سری نگر (ڈیلی اردو/کے ایم ایس) مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے کیے گئے لاک ڈاؤن کو آج 100 دن مکمل ہو گئے، بھارتی جارحیت، ظلم و بربریت جاری ہے۔

مقبوضہ وادی میں کرفیو، شہادتیں اور گرفتاریاں رک نہ سکیں، آج بھی مقبوضہ کشمیر کے علاقے گندربل میں ایک کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا گیا۔

کشمیر میڈیا سروسز کے مطابق کشمیری نوجوان کو گھر گھر تلاشی اور محاصرے کی آڑ میں شہید کیا گیا ہے۔

گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران قابض ظالم بھارتی فورسز کے ہاتھوں مزید 3 کشمیری نوجوان شہید ہو چکے ہیں۔

بھارت نے گزشتہ 100 دن سے مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن کر رکھا ہے، مقبوضہ وادی میں دکانیں، کاروباری مراکز، موبائل سروس انٹرینٹ، پبلک ٹرانسپورٹ اور تعلیمی ادارے بند ہیں۔

مقبوضہ وادی میں باغات اجڑ گئے ہیں، کاروبار ٹھپ ہو گئے ہیں، تاہم بھارت کے مظالم اور پابندیوں کے سامنے کشمیری سیسہ پلائی دیوار بنے کھڑے ہیں۔

وادی میں اسکول، کالجز اور تجارتی مراکز بند ہیں، مقبوضہ وادی میں نظام زندگی پوری طرح مفلوج ہوچکا ہے۔

قابض بھارتی فوج نے کشمیریوں کے لیے سانس لینا بھی مشکل کردیا ہے، وادی میں کھانے پینے کی چیزوں، ادویات اور دیگر ضرورت کی اشیاء کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن کے باعث کشمیریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ کرفیو اور پابندیوں کے باعث اب تک مقامی معیشت کو کئی ارب ڈالر کا نقصان ہوچکا ہے جبکہ ہزاروں لوگ بے روزگار ہوچکے ہیں۔

ان 100 دنوں میں کشمیری نوجوانوں نے متعدد بار کرفیو توڑ کر بھارت کے خلاف مظاہرے کیے۔

بھارتی فورسز نےمظاہرین کے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس سے متعدد کشمیری زخمی بھی ہوئے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں