سڈنی (ج ح ط) آسٹریلیا میں لگی جنگل کی آگ کی وجہ سے پانچ افراد ہلاک، متعدد لاپتہ اور ہزاروں کی تعداد میں شہری گھر چھوڑنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
آتشزدگی نے مختلف شہروں کے 100 سے زائد مقامات کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے، جس پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔
جنگلات میں آگ لگنے کے باعث ہزاروں مکانات جل کر تباہ ہوگئے جس کی وجہ سے مقامی افراد بے گھر ہو کر رہ گئے ہیں اور وہ امدادی کیمپوں میں رہنے پر مجبور ہیں۔
آسٹریلوی شہر سڈنی، ریاست نیو ساؤتھ ویلز سمیت 100 سے زائد مقامات پر لگی آگ نے ہزاروں گھروں کو خاکستر کردیا۔
حکام کے مطابق فائر فائٹرز کی ٹیمیں آگ پر قابو پانے کی کوشش کررہی ہیں جبکہ متعدد فائر فائٹرز بھی زخمی ہوگئے۔
انتظامیہ نے نیو ساؤتھ ویلز کے چھ سو سے زائد اسکول اور کالج کو بند کردیا۔
آسٹریلوی وزیراعظم اسکاٹ موریسن کا کہنا ہے کہ آگ بجھانے والے 1300 افراد پر مشتمل عملے کی سپورٹ اور مدد کے لیے فوج کو بلا لیا گیا ہے۔
آسٹریلوی نشریاتی ادارے کے مطابق آگ کے شعلے 20 فٹ بلند تھے اور 80 کلو میٹر کی رفتار سے چلنے والی ہوا کے ساتھ پھیل رہے ہیں۔
دوسری جانب آسٹریلوی حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ موسم کی خرابی کے باعث اس ہفتے مزید آگ لگ سکتی ہے جس کی لپٹ میں سڈنی کے آنے کا بھی امکان ہے۔