پشاور میں پولیس کی گاڑی پر فائرنگ، ڈی ایس پی سی ٹی ڈی غنی خان شہید، 4 افراد زخمی

پشاور (ڈیلی اردو) خیبرپختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور میں دلہ زاک روڈ کے قریب موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ڈی ایس پی سی ٹی ڈی غنی خان شہید جبکہ 4 افراد زخمی ہو گئے، زخمیوں کو طبی امداد کیلئے لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈی ایس پی سی ٹی ڈی غنی خان اپنی گاڑی میں جا رہے تھے کہ دلہ زاک روڈ کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کردی جس سے ڈی ایس پی سی ٹی ڈی غنی خان شہید ہوگئے جبکہ گاڑی میں سوار میں گن مین راشد اور ڈرائیور ناصر سمیت 2 راہ گیر زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

فائرنگ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا، شہید اور زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے پولیس چوکی پر فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلیٰ محمود خان نے زخمی اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

دوسری جانب کالعدم تنظیم جماعت الاحرار نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

ترجمان ڈاکٹر عبدالعزیز یوسف زئی کی جانب سے ڈیلی اردو کو ارسال کے گئے ای میل میں حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں