تھر (ڈیلی اردو) سندھ کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، آسمانی بجلی گرنے سے 12 افراد جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے
تفصیلات کے مطابق مٹھی، تنگوانی، ننگر، پارکر میں آسمان سے گرتے پانی کے ساتھ آسمانی بجلی بھی گری جس سے 7 گھروں میں صف ماتم بچھ گئی۔ مقامی انتظامیہ کے مطابق آسمانی بجلی گرنے سے ابتک 12 افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
کھپرو انتظامیہ نے جاں بحق ہونے والے افراد کی تصدیق کی ہے۔ کندھ کوٹ کے علاقے تنگوانی میں بھی آسمانی بجلی گرنے سے ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ سانگھڑ کے علاقے اچھڑوتھر ميں بھی آسمانی بجلی گرنے سے 4 زندگیاں لقمہ اجل بنیں۔
ذرائع کے مطابق تھرپارکر کے مختلف علاقوں میں بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے درجنوں مویشی بھی ہلاک ہوئے، جن میں 23 بکریاں، 3 گائے اور 2 اونٹ شامل ہیں۔