غزہ (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) اسرائیل نے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک بار پھر غزہ پر فضائی حملہ کر دیا۔
اسرائیل کی جانب سے غزہ میں ہونے والی فضائی کارروائیوں کے بعد مصر کی کوششوں سے دو روز قبل حماس اور اسرائیل کے درمیان سیز فائر معاہدہ طے پایا تھا۔
لیکن اب اطلاعات ہیں کہ اسرائیل نے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک بار پھر غزہ پر فضائی اور راکٹوں سے حملہ کیا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی نے راکٹوں کے ذریعے بیت لاھیا میں ایک عمارت کو نشانہ بنایا۔
خبر ایجنسی کے مطابق غزہ کے شمالی علاقے میں حماس کے زیر استعمال عمارت کو نشانہ بنایا گیا، حماس کی حکومت میں یہ نیول پولیس کا کمپاؤنڈ تھا۔
واضح رہے کہ جنگ بندی سے قبل اسرائیل کی جانب سے غزہ پر ہونے والے تازہ فضائی حملے میں ایک ہی خاندان کے 8 افراد شہید ہوئے جس کے بعد گذشتہ 48 گھنٹوں کے دوران شہدا کی تعداد 36 سے زائد ہوگئی، جب کہ زخمی افراد کی تعداد 120 سے زائد ہے جن میں 46 بچے اور 20 خواتین بھی شامل ہیں۔