امریکی صدر ٹرمپ نے جنگی جرائم کے مرتکب دو اعلیٰ فوجی افسروں کو معاف کردیا

واشنگٹن (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قتل اور جنگی جرائم کے الزام میں قید دو اعلیٰ فوجی افسروں میجر میتھیو گولسٹائن اور لیفٹننٹ کلِنٹ لورینس کی سزا کو معاف کردیا، جس پر ماہرین نے انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اس اقدام کو قانون کی عملداری کی توہین قرار دے دیا۔

غیرملکی خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امریکی فوج کے فرسٹ لیفٹیننٹ کلِنٹ لورینس نے 2012 میں افغانستان میں تین غیر مسلح افغان شہریوں پر فائرنگ کا حکم دیا تھا جس کے نتیجے میں دو شہری ہلاک ہوگئے تھے۔

اس جرم میں انہیں 19سال کی سزا دی گئی تھی جس میں سے وہ 6 سال کی سزا کاٹ چکے تھے تاہم اب امریکی صدر نے اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے ان کی سزا ختم کردی ہے۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی عوام نے کلِنٹ لورینس کو معاف کرنے کی درخواست کی تھی اور ایک لاکھ 24 ہزار افراد نے ایک پٹیشن پر دستخط کر کے وائٹ ہاؤس کو بھیجا تھا جبکہ کانگریس کے متعدد اراکین نے بھی انہیں معاف کرنے کی درخواست کی تھی۔

ٹرمپ نے اس کے ساتھ ساتھ امریکی فوج کے اعلیٰ سطح کے سابق رکن اور ویسٹ پوائنٹ کے گریجویٹ میجر میتھیو گولسٹائن کے لیے بھی معافی کا اعلان کیا۔

میجر میتھیو گولسٹائن پر الزام تھا کہ انہوں نے 2010 میں طالبان کے ایک مبینہ بم ساز کو فائرنگ کر کے قتل کردیا تھا۔

ان کو معافی دینے کے بعد ٹرمپ نے ایک ٹویٹ کی جس میں انہوں نے لکھا کہ گولسٹین امریکی فوج کے ہیرو تھے جنہیں اپنے ہی ملک کی جانب سے سزائے موت دیے جانے کا اندیشہ تھا۔

امریکی صدر نے اس کے علاوہ 15سالہ نوکری کے تجربے کے حامل نیوی سیل ایڈورڈ گیلاگر کی عہدے سے تنزلی کے حکم نامے کو بھی واپس لے لیا جن پر الزام تھا کہ انہوں نے عراق میں داعش کے زخمی کم سن شدت پسند کو چاقو کے وار سے قتل کردیا تھا اور اس کے علاوہ ان پر متعدد معصوم شہریوں کے قتل کا بھی الزام تھا۔

ایڈورڈ کیلاگر کو رواں سال متعدد الزامات سے بری کردیا گیا تھا لیکن ان پر یہ الزام برقرار رہا تھا کہ انہوں نے ایک مقتول شدت پسند کی لاش پر کھڑے ہو کر دیگر ساتھیوں کے ہمراہ گروپ فوٹو کھنچوائی تھی۔

ٹرمپ نے معافی حاصل کرنے والے نیوی سیل اور ان کی اہلیہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ بہت کچھ سہہ چکے ہیں اور مجھے خوشی ہے کہ میں آپ کی مدد کر سکا۔

گیلاگر نے بھی انسٹاگرام پر اپنی پوسٹ میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ میرے اور میرے اہل خانہ کے پاس صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کرنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں۔

تاہم چند ماہرین نے امریکی صدر کے اس فیصلوں کی مخالفت کی جن میں نیوی کے ریٹائرڈ ایڈمرل جیمز اسٹیوریڈس سرفہرست ہیں۔

اسی طرح کے نیٹو اتحادی افواج کے سابق کمانڈر پیٹ بٹی گیگ نے کہا کہ جن لوگوں کو ٹرمپ نے معافی دی میں ان میں سے اکثر کا کمانڈر تھا، ان کو معافی دینا فوج کو نیچا دکھانے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی صدر کی جانب سے معافیاں نظم و ضبط اور قانون کی عمل داری کی توہین ہے۔

یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اس سے قبل بھی متعدد امریکی فوجیوں کو معافی دے چکے ہیں جن پر سنگین جنگی جرائم کے ارتکاب کا الزام تھا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں