سری لنکا: صدارتی انتخابات میں سابق صدر کے بھائی” کرنل گوٹابایا راجا پاکسا “ کامیاب

کولمبو (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) سری لنکا کے صدارتی انتخابات میں سابق صدر مہندا راجا پاکسا کے بھائی گوٹابایا راجا پاکسا نے کامیابی حاصل کرلی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ریٹائرڈ لیفٹیننٹ کرنل گوٹا بایا راجا پاکسا نے 54-53 فیصد ووٹ حاصل کیے اور کامیاب ہوئے۔

انتخابات میں کامیابی کے بعد نومنتخب صدر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کرنل گوٹا بایا راجا پاکسا نے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے لئے سری لنکن عوام کا صدر بننا ایک اعزاز ہے۔

دوسری جانب حکومتی امیدوار سجیتھ پریما داسا نے گزشتہ روز ہونے والے صدارتی انتخابات میں اپنی شکست تسلیم کی اور اپنے حریف گوٹابایا راجا پاکسا کو کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔

ترجمان کیہیلیا رام بکوئلا نے کہا کہ ‘یہ ایک واضح برتری ہے اور ہمیں امکان بھی تھا’۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں بہت خوشی ہے کہ گوٹا بایا راجا پاکسا اگلے صدر ہوں گے اور وہ ایک دو روز میں حلف اٹھالیں گے۔

علاوہ ازیں الیکشن کمیشن کے سربراہ مہیندا دیشاپریا کے مطابق ایک کروڑ 60 لاکھ رجسٹرڈ ووٹرز میں سے 80 فیصد نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق صدارتی انتخاب میں راجا پاکسا کو 52.87 فیصد ووٹوں سے برتری حاصل ہوئی جبکہ ان کے انتخابی حریف سجیتھ پریما داسا 39.67 ووٹ حاصل کرسکے۔

علاوہ ازیں سری لنکا کے الیکشن کمیشن کے سربراہ مہیندا دیشاپریا نے کہا کہ ٹرن آؤٹ 80 فیصد رہا جو 2015 کے صدارتی انتخاب کے مقابلے میں کم ہے، گزشتہ انتخاب میں 81 اعشاریہ 5 فیصد ٹرن آؤٹ رہا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس سری لنکا میں راجا پاکسا اور مخالف سیاسی جماعت کے درمیان شدید اختلافات سامنے آئے تھے اور وہ متنازع انداز میں ملک کے وزیراعظم بن گئے تھے تاہم انہیں مستعفی ہونا پڑا۔

سری لنکا میں گرجا گھروں میں ہونے والے حملوں کے بعد امن و عامہ کے مسائل کھڑے ہوگئے تھے اور مسلمانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا جس کے بعد سیکیورٹی کو مزید بہتر کیا گیا تھا

پاکستان کا نومنتخب صدر کو مبارکباد

دوسری جانب پاکستان کے دفتر خارجہ نے حکومت کی جانب سے سری لنکا کے نومنتخب صدر کو مبارکباد پیش کی۔

اس حوالے سے ایک جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ ‘پاکستان کو یقین ہے کہ ان کی قائدانہ صلاحیت کی بدولت سری لنکا خوشحالی اور امن کی طرف اپنا سفر جاری رکھے گا’۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ ‘ہم ملک کے نئے صدر اور ان کی ٹیم کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں اور دونوں ممالک کے مابین پہلے سے بھی مضبوط تعلقات استوار کرنے کے خواہاں ہیں’۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ حکومت پاکستان، سری لنکا کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مزید تقویت دینے اور اہم شراکت کو ایک نئی سطح پر لے جانے کے عزم کا اظہار کرتی ہے’۔

علاوہ ازیں اعلامیے میں پاکستان نے سری لنکا کی حکومت اور الیکشن کمیشن کے ذریعے ‘آزادانہ، منصفانہ اور پرامن انتخابات’ کے انعقاد کو سراہا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں