تہران (ڈیلی اردو/ارنا) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے گیس اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی حمایت کرتے ہوئے قیمتوں میں اضافے کے خلاف مظاہرے کرنے والوں کو ملک دشمن عناصر کی کٹھ پتلیاں قرار دے دیا۔
ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے حکومت کی جانب سے گیس اور تیل کی قیمتوں میں اضافے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک کڑا فیصلہ ہے اور پریشانی کا باعث بھی ہے لیکن ہمیں اتحاد اور اتفاق کے ساتھ ان سخت حالات کا مقابلہ کرنا ہے۔
آیت اللہ خامنہ ای نے موقف اختیار کیا کہ پیٹرول اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ ماہرین کی رائے پر کیا گیا اور اس پر عمل درآمد ناگزیر ہے تاہم حکومتی عہدے داروں کو دیگر اشیا کی قیمتوں میں اضافے کو روکنے کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ شہریوں کو مشکلات کا کم سے کم سامنا ہوں۔
سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے قیمتوں میں اضافہ کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں کو ملک دشمن عناصر کے ہاتھوں کھلونا بننے سے باز رہنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں انارکی پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور تخریب کاروں سے سختی کے ساتھ نمٹا جائے گا۔
سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے پولیس سے جھڑپوں میں مظاہرین کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے حالات درست طریقے سے قابو میں نہیں آسکے جس کی وجہ سے متعدد افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے اور مظاہرین نے کچھ حکومتی مراکز بھی تباہ کردیئے۔
واضح رہے کہ امریکا کی جانب سے عائد اقتصادی پابندیوں کے باعث ایران کو شدید مالی بوجھ کا سامنا ہے جس سے نکلنے کے لیے حکومت نے گیس اور تیل کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔