لاہور (ڈیلی اردو) ساہیوال کی عدالت نے سانحہ ساہیوال کے 6 ملزمان کو 15روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ سانحہ ساہیوال کے ملزمان کو ساہیوال کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا،
تفصیلات کے مطابق سانحہ ساہیوال میں ملوث ملزمان کو آج پولیس کی درخواست پر سیشن جج اے ٹی سی شبیر حسین اعوان نے انسداد دہشتگردی کورٹ میں طلب کیا تھا۔
پولیس کی سخت سیکیورٹی میں ملزمان کو آج انسداد دہشت گردی کورٹ میں پیش کر دیا گیا ہے۔ ملزمان کے چہروں کو کالے کپڑے سے مکمل طور پر ڈھانپ رکھا گیا تھا
پولیس کی جانب سے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی ۔پولیس کی ریمانڈ کی استدعا پر ساہیوال کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج نے سانحہ ساہیوال کے 6 ملزمان کو 15 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
گرفتار ملزمان میں سب انسپکٹر صفدر حسین اور ڈرائیورناصر سمیت سی ٹی ڈی کے 6 اہلکار شامل ہیں۔ واضح رہے کہ ساہیوال میں سی ٹی ڈی اہلکاروں نے ایک گاڑی پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں اس میں سوار خلیل نامی شخص، اس کی اہلیہ ، بچی اور گاڑی کے ڈرائیور سمیت 4 افراد جاں جبکہ 3 بچے زخمی ہوگئے تھے۔