لاہور (ڈیلی اردو) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ فاٹا کیلئے 100 ارب روپے کے بحالی پیکیج کی جلد فراہمی یقینی بنائی جائے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا. امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حکومت کو فاٹا کی محرومیوں کے ازالے کیلئے جلد عملی اقدام اٹھانے ہوں گے، تاکہ وہ مرکزی دھارے میں شامل ہوں۔
سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ وسائل کی تقسیم میں مرکز صوبوں کوزیادہ حصہ دے، اس سے صوبے مضبوط ہوں گے، صوبوں سے کٹوتی کے بجائے وفاق فاٹا کوترقیاتی فنڈز، بحالی پیکیج دے۔
انھوں نے حکومتی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ معاشی پالیسیوں کے باعث عام آدمی مشکلات کا شکار ہے، مہنگائی بڑھ رہی ہے، عوام کا خون نچوڑنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
یاد رہے کہ گذشتہ دور میں جماعت اسلامی کے پی کے میں پاکستان تحریک انصاف کی اتحادی تھی، البتہ الیکشن سے قبل اس نے عمران خان کی جماعت سے اتحاد ختم کرکے مذہبی جماعتوں کے اتحاد متحدہ مجلس عمل میں شمولیت اختیار کر لی۔
سن 2018 کے الیکشن میں متحدہ مجلس عمل متوقع کامیابی حاصل نہیں کرسکی اور پی ٹی آئی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری۔