ڈیرہ اسماعیل خان (توقیر حسین زیدی) خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں کے علاقے منجہ خیل میں فائرنگ سے سی ٹی ڈی اہلکار شہید ہو گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے قریب ضلع بنوں کے علاقے منجہ خیل میں سی ٹی ڈی اہل کار ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بن گیا، نامعلوم مسلح افراد نے تھانہ میراخیل میں اہل کار کو نشانہ بنایا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی اہل کار میر شہباز دفتر جانے کے لیے گھر سے نکلے تو نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے ان پر فائر کھول دیا، فائرنگ سے میر شہباز موقع ہی پر شہید ہو گئے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، دریں اثنا شہید اہلکار کی نماز جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ پولیس لائنز بنوں میں ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی، ڈپٹی کمشنر بنوں عطاالرحمان سمیت دیگر پولیس آفسران و اہلکاران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شہید کی میت کو سلامی دی گئی اور پھول چڑھائے گئے، شہید اہلکار کا جسد خاکی تدفین کے لیے آبائی علاقے روانہ کر دیا گیا۔