کراچی: 96 افراد کو قتل کرنیوالا ایم کیو ایم کا ٹارگٹ کلر یوسف ٹھیلے گرفتار، فاروق ستار سے رابطے کا انکشاف

کراچی (ڈیلی اردو) کراچی میں اینٹی سٹریٹ کرائم فورس اور سولجر بازار پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلر یوسف ٹھیلے والے کو گرفتار کرلیا۔ ملزم حساس اداروں کے جوانوں، سیاسی کارکنوں، سرکاری ملازمین سمیت دیگر افراد کے قتل کی 96 وارداتوں میں ملوث ہے۔

ملزم یوسف عرف ٹھیلے والے کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے، ٹارگٹ کلر ٹھیلے پر لاشوں کو ٹھکانے لگاتا تھا۔ گرفتار ملزم نے سنسنی خیز انکشافات کئے اور کہا سابق ایم کیو ایم سربراہ فاروق ستار نائن زیرو پر رہائش کا بندوبست کرواتے تھے، قیادت کے کہنے پر وارداتیں کرتا تھا۔

ایس ایس پی ایسٹ اظفر مہیسر کے مطابق ملزم نے 30 افراد کو خود قتل کرنے کا اعتراف کیا اور  وہ 66 لاشیں بھی ٹھکانے لگا چکا ہے، اس کے نیٹ ورک میں 40 سے زائد افراد ہیں، ملزم نے تفتیش میں اپنے دیگر ساتھیوں کے نام بھی بتائے ہیں جب کہ ملزم نے اپنے بیان میں فاروق ستار سے رابطے کا دعویٰ بھی کیا۔

ایس ایس پی اظفر مہیسر نے صحافیوں کو بتایا کہ ملزم پر 1995 سے اب تک 96 افراد کے قتل کاالزام ہے، ملزم  1996 میں گرفتار ہوا اور 1997 میں رہا ہوا، ملزم اس سے قبل 2017 میں گرفتار ہوچکا ہے  اور اس وقت پے رول پر رہا تھا۔

پولیس کے مطابق ملزم سمیت 50 ٹارگٹ کِلرز ایسے ہیں جو گرفتار ہو کر پے رول پر رہا ہوئے اور پھر لاپتہ ہوگئے۔

دوسری جانب سابق رہنما ایم کیو ایم (پاکستان) فاروق ستار نے گرفتار ٹارگٹ کلر سے رابطے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ملزم سے یہ کون کہلوا رہا ہے، میرے خلاف سازش ہورہی ہے جو سامنے آجائے گی تاہم میں سختی سے اس بیان کی تردید کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں کبھی نائن زیرو کا کئیر ٹیکر نہیں رہا، یہ ذمہ داری عامر خان، کنور نوید اور انیس قائم خانی کے پاس رہی جب کہ میں پارٹی کے تنظمی سیٹ اپ کا کبھی انچارج نہیں رہا،  ہمشہ سیاسی سیٹ اپ کی ذمہ داری نبھائی ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں