اسلام آباد (ویب ڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے ریٹائرڈ افسر کرنل ریٹائرڈ حبیب طاہر کا ڈیتھ سرٹیفیکیٹ جعلی ہے۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاک فوج کے ریٹائرڈ افسر کرنل ریٹائرڈ حبیب طاہر کا ڈیتھ سرٹیفیکیٹ دیکھا ہے جو کہ جعلی دکھائی دیتا ہے، حبیب طاہر کے اہل خانہ ان کی گمشدگی سے متعلق انتہائی پریشان ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کرنل ریٹائرڈ حبیب طاہر کو 2 سال قبل نیپال سے اغوا کیا گیا تھا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت میں انتہا پسندی تیزی سے بڑھ رہی ہے، اقلتیوں کے ساتھ ناانصافی ہورہی ہے۔ بھارت نے حریت رہنماوں کو کئی روز سے قید کررکھا ہے، بھارت سے کسی خیر کی توقع نہیں ہے۔
اس کے علاوہ انہوں نے بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلسل 110روز سے مکمل لاک ڈاؤن کی صورتحال ہے، انٹر نیٹ اور مواصلاتی نظام بھی منقطع ہیں۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کی مخدوش صورتحال کا نوٹس لے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ سفارت کاروں کو مقبوضہ کشمیر کا دورہ کرانے کی بھارتی کوشش ناکام ثابت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہندوستان سے اچھے تعلقات کی خواہش رکھتے ہیں۔
دوسری جانب اُن کا کہنا ہے کہ یہ باعث فخر ہے کہ پاکستان کے ایدھی فاؤنڈیشن کو شیخ عیسیٰ ایوارڈ دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کو کبھی بھی صوبہ بنانے کا نہیں کہا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بانی ایم کیو ایم کی حوالگی کا معاملہ انتہائی سنجیدہ ہے۔