لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ ملک میں امن کا کریڈٹ پاک وطن کے بہادر سپوتوں کو جاتا ہے، پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف جرأت کی نئی تاریخ رقم کی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور پاک فوج کی پیشہ ورانہ سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے دہشت گردی کے خلاف کامیابیوں پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا اور قیام امن کے لیے شاندار خدمات پر پاک فوج کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے شہید افسروں اور جوانوں کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف انمٹ کامیابیاں سمیٹی ہیں، ملک میں امن کا کریڈٹ پاک وطن کے بہادر سپوتوں کو جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے ساتھ قوم نے بھی دہشت گردی کے خلاف قربانیاں دیں، پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف جرأت کی نئی تاریخ رقم کی۔ قوم کی عظیم قربانیوں کے باعث پاکستان میں امن بحال ہوا ہے۔
اس سے قبل میڈیا سے گفتگو کے دوران عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پاک فوج کا کردار تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ عظیم اور لازوال قربانیوں سے پاکستان میں امن بحال ہوا، دہشت گردی اور فرقہ واریت کے مائنڈ سیٹ کو بھی کچلنا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان کے محب وطن اور دلیر عوام کا عزم انتہائی مضبوط ہے۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا تھا کہ شہدا کی قربانیاں پاکستان میں امن لائی ہیں، شہدا کے خاندان ہمارے اپنے ہیں، تنہا نہیں چھوڑیں گے۔