ٹانک: پولیس اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا تبادلہ، دہشت گرد عامر انعام مارا گیا

ڈیرہ اسماعیل خان (توقیر حسین زیدی) صوبہ خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع ٹانک میں 14 افراد کے مبینہ قاتل انعام گروپ اور پولیس میں فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق پولیس کو اطلاع ملی کہ انعام گروپ کا اشتہاری اور دہشت گرد عامر جو 14 افراد کے قتل میں مطلوب ہے کی موجودگی پر پولیس نے درہ بین کے علاقے میں چھاپہ مارا، ملزم نے پولیس پر فائرنگ کردی پولیس کی جوابی فائرنگ سے بدنام زمانہ دہشت گرد عامر مارا گیا۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے فائرنگ کے بعد بکتر بند گاڑیاں اور بھاری پولیس نفری درہ بین روانہ کردی گئیں۔

بدنام زمانہ مسلح انعام گروپ نے 17 اکتوبر کو فلائنگ کوچ پر فائرنگ کر کے 14 افراد کو قتل کردیا تھا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مسلح گروپ کا سرغنہ پولیس کو 21 سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔

واضح رہے کہ انعام گروپ کے خلاف گزشتہ ایک ماہ سے مقتولین کے لواحقین سراپا احتجاج ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں