لاہور(ڈیلی اردو) سابق وزیر اعظم نواز شریف سروسز ہسپتال سے کوٹ لکھپت جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف کو 6 روز زیرعلاج رہنے کے بعد سروسز ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا، اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے اور مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی بڑی تعداد سروسز ہسپتال کے باہر جمع تھی۔
واضح رہے کہ نواز شریف ہسپتال سے جیل منتقل ہونے کےلئے بضد تھے جبکہ گزشتہ روز مریم نواز نے بھی کوشش کی کہ وہ اپنے والد کو جیل کے بجائے ہسپتال میں رہنے پر راضی کر سکیں۔گزشتہ روز نواز شریف کو جیل نہ منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
نواز شریف کے میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کو امراض قلب کے سپیشلسٹ ہسپتال میں رکھنے کی تجویز دی تھی اور نواز شریف کو جلد از جلد امراض قلب کے ہسپتال میں منتقل کرنے کی ہدایت تھی۔