لاہور: چوبرجی کے قریب دھماکا، 7 افراد زخمی، 2 کی حالت تشویشناک

لاہور (اے ڈی شہزاد) پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے چوبرجی کے قریب رکشہ میں دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 7 افراد زخمی ہوگئے۔

دھماکہ سے رکشہ مکمل طورپر تباہ ہوگیا۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ پولیس نے دھماکے میں ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے استعمال کا شبہ ظاہر کیا ہے۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جائے وقوعہ سے ڈیوائس ملی ہے اور رکشے پر چھرے کے نشان ہیں۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس پی سول لائنز دوست محمد، ڈی ایس پی، ایس ایچ او اور متعلقہ پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے ہیں اور ریسکیو ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کرتے ہوئے زخمی ہونے والے افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں 2  کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق رکشے میں بارودی مواد کا دھماکا ہوا جس میں ڈیڑھ سے 2 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا جب کہ دھماکے کی جگہ سے بال بیئرنگ بھی ملے ہیں۔

پولیس اور ریسکیو ٹیم سمیت پنجاب فارنزک سائنس ایجنسی کے ماہرین بھی جائے حادثہ پر  پہنچ گئے جنہوں نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔

ایس پی سول لائنز  کے مطابق  رکشے والے نے بیان دیا ہے کہ اس نے شیرا کوٹ سے سواری اٹھا کر سمن آباد اتاری تھی اور وہ بیت الخلا جانے کے لیے اترا تو دھماکا ہوگیا۔

پولیس نےاور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

لاہور دھماکے سے چند روز قبل حساس اداروں کی جانب سے ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا تھا۔ الرٹ میں بتایا گیا تھا کہ کالعدم تنظیم حزب الاحرار پنجاب سمیت ملک بھر میں دہشت گرد حملے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

اس الرٹ کے بعد سیکورٹی ادارے بھی الرٹ ہوگئے تھے اور پورے شہر کی سیکورٹی سخت کردی گئی تھی۔ شہر بھر میں پولیس ناکوں میں اضافہ کر دیا گیا تھا جبکہ سیکورٹی اداروں کی جانب سے سرچ آپریشنز کا سلسلہ بھی جاری تھا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں