پشاور (نمائندہ ڈیلی اردو) خیبر پختونخوا حکومت نے پشاور میں واقع سرکاری و نجی تعلیمی اداروں پر دہشت گردوں کے ممکنہ حملے کے خطرے کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کی ہدایت کر دی ہے
تفصیلات کے مطابق خفیہ اداروں نے حکومت خیبر پختونخوا کے تعلیمی اداروں پر دہشت گردوں کی جانب سے حملوں کے خطرات سے آگاہ کیا ہے جس کے بعد حکومت نے تعلیمی اداروں کے سربراہان کو فوری طور پر سیکورٹی انتظامات کو ٹھیک کرنے کی ہدایت دے دی ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق محکمہ اعلیٰ تعلیم کی جانب سے سرکاری و نجی سکولوں کالجوں اور جامعات سمیت دیگر تعلیمی اداروں کو جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں کا ایک گروپ پشاور کے تعلیمی اداروں پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
مراسلے میں تعلیمی اداروں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ تمام تعلیمی اداروں کے سربراہ سیکورٹی معاملات میں موجود کمی کو ہنگامی بنیادوں پر دور کریں اور تعلیمی اداروں میں وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق سیکورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کریں تاکہ کسی بھی سانحے سے بچا جا سکے۔