اسلام آباد + خوست (ش ح ط/ نمائندہ ڈیلی اردو) پاک افغان سرحد کے قریب افغانستان کے صوبہ خوست میں امریکی ڈرون حملے میں 6 شہری شہید ہو گئے۔
اطلاعات کے مطابق امریکی ڈرون حملہ پاک افغان سرحد کے قریب افغان صوبہ خوست میں ہوا، جہاں امریکی ڈرون نے ایک گاڑی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 6 شہری شہید ہو گئے۔
مقامی قبائلی عمائدین اور کوچی کونسل کے سربراہ گل مرجان نے نمائندہ ڈیلی اردو کو بتایا ہے آج شام کو علی شیر کے علاقے میں امریکی ڈرون نے ایک کار کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 2 مرد، 3 خواتین اور ایک نوزائیدہ بچے سمیت 6 افراد شہید ہو گئے۔
افغان وزارت دفاع نے ڈرون حملے کی تصدیق اور واقعے سے متعلق تفصیلات دینے سے انکار کر دیا جب کہ خوست انتظامیہ نے ڈرون حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ افغان حکومت معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے اور ابھی 6 افراد کی لاشیں ملی ہیں۔
دوسری جانب افغانستان میں موجود امریکی فورسز نے کارروائی پر تاحال کسی قسم کا ردعمل نہیں دیا ہے۔
امریکا کے جنگی اور ڈرون طیارے اکثر و بیشتر طالبان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے دوران افغانستان میں حملے کرتے رہتے ہیں جن میں زیادہ تر عام شہری شہید ہو جاتے ہیں۔ افغانستان میں امریکی جنگی اور ڈرون طیاروں کے حملوں میں شادی کی تقریبات، مساجد میں موجود نمازی اور ہسپتال بھی نشانہ بنے ہیں۔