پاراچنار (محمد صادق) ضلع کرم کے علاقہ خیواص کے قبائلی عمائدین نے کہا ہے کہ بدامنی سے تباہ شدہ حیواص کی دوبارہ آباد کاری اقدامات اٹھائے جائیں، حکومت اور این جی اوز دیگر متاثرین کی طرح خیواص کے متاثرین کی امداد کریں۔
ُپاراچنار میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علاقہ خیواص کے قبائلی عمائدین حاجی طاہر حسین، محمداللہ، بخت حسین، حاجی حسین علیشاہ، حاجی مراد حسین، عنایت حسین، محمد زبیر اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ علاقہ خیواص بدامنی کے دوران مکمل طور پر تباہ ہوا ہے اور تین سو سے زائد مکانات کے ساتھ ساتھ موجود سامان بھی مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے اور حکومتی اداروں نے خیواص کے متاثرین کی ابھی تک کسی قسم امداد نہیں کی ہے جس سے خیواص کے متاثرین کے مشکلات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔
عمائدین نے مطالبہ کیا کہ جس طرح وسطی کرم اور دیگر علاقوں کے متاثرین کو ہر قسم امداد ملی ہے اور مل رہی ہے اس طرز پر خیواص کے متاثرین کی بھی امداد کی جائے اور حکومت کے ساتھ ساتھ این جی اوز بھی خیواص کی دوبارہ آباد کاری کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ دوسرے متاثرین کو چار چار لاکھ روپے جبکہ بعض گھرانوں کو ایک کروڑ روپے تک ملے ہیں مگر خیواص کے 119 گھرانوں کو صرف ایک لاکھ پچاس ہزار روپے فی گھرانہ ملے ہیں۔
عمائدین نے مطالبہ کیا کہ انہیں اپنے حقوق دئیے جائیں اور علاقے میں تباہ ہونے والے تعلیم صحت اور دیگر اداروں کی بحالی کی جائے۔ عمائدین کا کہنا تھا کہ 2010 میں بدامنی کے دوران ان کا سب کچھ تباہ ہوگیا ہے علاقے کی سڑکیں بنائی جائیں بجلی اور پانی کا بندوبست کیا جائے اور علاقے مسائل حل کئے جائیں۔