لاہور (ویب ڈیسک) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ کا کہنا ہے اعلیٰ عدلیہ ملک میں خواتین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنا رہی ہے۔
چیف جسٹس آف پاکستان کا لاہور میں خواتین ججز کانفرنس سے خطاب میں کہنا تھا کہ معاشرے میں خواتین کا کردار بڑھتا جا رہا ہے، خواتین کو زندگی کے ہر شعبے میں بااختیار بنانا ہو گا۔
جسٹس آصف سعید کھوسہ کا کہنا تھا کہ ہمارے ہاں خواتین ججز مردوں کے غالب معاشرے میں کام کر رہی ہیں، خواتین ججز ذہنی تناؤ سے آزاد رہتے ہوئے اپنا کام کریں۔
ان کا کہنا تھا ضلعی عدالتوں میں 300 سے زائد خواتین ججز خدمات انجام دے رہی ہیں، خواتین ججز نے پیچیدہ مقدمات میں قانون کے مطابق فیصلے دیکر صلاحیتوں کو منوایا ہے، جلد سپریم کورٹ میں بھی خواتین ججز کو تعینات کریں گے۔
چیف جسٹس آف سپریم کورٹ کا کہنا تھا پاکستان کے آئین میں اقلیتوں سمیت تمام شہریوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں، مقدمات میں خواتین کی ضمانت سے متعلق کچھ نرمی کی ضرورت ہے۔