پشاور: حسن خیل میں خاصہ دار اہلکار سمیت 2 افراد کی لاشیں برآمد

پشاور (ڈیلی اردو) خیبر پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور کے تھانہ متنی کے علاقہ حسن خیل میں نامعلوم مسلح افراد نے خاصہ دار اہلکار سمیت 2 افراد کو بیدردی کے ساتھ قتل کرکے نعشیں ویرانے میں پھینک دیں۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اطلاع ملی کہ پشاور کے علاقے حسن خیل کے مقام پر دو افراد کی نعشیں پڑی ہیں جنہیں فائرنگ کرکے قتل کیا گیا ہے۔

اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور نعشیں قبضے میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانہ منتقل کردیں۔

پولیس کے مطابق بعدازاں مقتولین کی شاہ فیصل ولد عبدالقیوم اور اسفر حسین ولد محمد حسین ساکنان حسن خیل کے نام پر شناخت ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق مقتول شاہ فیصل خاصہ دار فورس کا اہلکار تھا جو اپنے ساتھی کے ساتھ فاتحہ خوانی کے بعد واپس جارہے تھے کہ نامعلوم افراد نے قتل کردیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ رات نامعلوم افراد کی جانب سے حسن خیل میں قومی مسجد کے پیش امام کو بھی فائرنگ کر کے شہید کردیا گیا تھا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں