اسلام آباد (ڈیلی اردو) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر آصف علی زرداری کی بیماری کے تعین کے لئے پمز ہسپتال کا میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم دیتے ہوئے نیب کو نوٹس جاری کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے جعلی اکاونٹس کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی ضمانت بعد از گرفتاری کی دائر درخواستوں پر سماعت کی۔
عدالت کے استفسار پر درخواست گزاروں کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے بتایا کہ آصف زرداری کو دل کا مرض لاحق ہے پنجاب حکومت کی جانب سے میڈیکل بورڈ بنایا گیا تھا۔
دوران سماعت جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ پمز ہسپتال کے سربراہ کو بول دیتے ہیں کہ میڈیکل بورڈ بنا کر رپورٹ پیش کریں، اس موقع پر فاروق ایچ نائیک نے آصف زرداری کے ذاتی معالج کو بورڈ کا حصہ بنانے کی استدعا جس کو عدالت نے منظور کرلیا۔
بعد ازاں عدالت نے پمز ہسپتال کے سربراہ کو سابق صدر آصف زرداری کی بیماری کے تعین کے لیے میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ 11 دسمبر سے قبل رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جائے، عدالت نے کیس کی مزید سماعت 11 دسمبر تک ملتوی کردی۔
عدالت نے فریال تالپور کی درخواست پر نیب سے جواب طلب اورپمز ہسپتال کے میڈیکل بورڈ کو آصف زرداری کی تازہ میڈیکل رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت گیارہ دسمبر تک ملتوی کردی۔