آزاد کشمیر سے لاپتہ پاکستانی شہری ”راجہ طارق محمود“ کے بھارتی جیل میں قید ہونے کا انکشاف

آزاد کشمیر (تنویر اکبر چوہدری) لائن آف کنٹرول پر ہندوستان کے زیرِ قبضہ ضلع راجوری کی نوشہرہ پولیس نے سماہنی سیکٹر کے سیز فائر لائن سے متصل چاہی نہالہ کے رہائشی نوجوان راجہ طارق محمود ولد راجہ فضل الرحمن کی گرفتاری کی تصدیق جاری کی ہے۔

ریڈیو جموں کے مطابق نوجوان کو لائن آف کنٹرول عبور کرنے پر زخمی حالت میں گرفتار کیا ہے، جس کے سر میں زخم بتائے گئے ہیں۔

میرپور آزاد کشمیر ضلع بھمبر میں سماہنی سیکٹر کے سب ڈویژن سماہنی سے گمشدہ نوجوان کے بارے سرکاری سطح پر تصدیق سامنے آنا باقی ہے۔

یاد رہے کہ سماہنی سیکٹر کے پہاڑی سلسلے کو کراس کرنے کے بعد بھارتی مقبوضہ ضلع راجوری متصل ہے جہاں گزشتہ دو سالوں کے دوران کراسنگ کے الزام میں نوشہرہ پولیس نے گرفتاری عمل میں لائی تھی۔ کھمباہ ویلی کے نوجوان کی نعش واپس کی گئی تھی جس کے بارے میں کرنٹ لگنے سے موت کی تصدیق کی گئی تھی۔

منانہ سماہنی کا ایک اور نوجوان کئی سالوں سے مقبوضہ کشمیر کے علاقے جموں جیل میں گرفتار ہے۔

واضح رہے کہ جڑالی کے ایک نو عمر نوجوان کو بھارتی سیکیورٹی حکام نے گزشتہ سال واہگہ بارڈر لاہور سے واپس ورثاء کے حوالے کیا تھا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں