اسلام آباد (ش ح ط) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے مابین جھڑپ کے نتیجے میں ایک سکیورٹی اہلکار شہید جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔ جھڑپ کے دوران 4 دہشت گرد مارے گئے جبکہ 5 کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان کی تحصیل بویہ کے علاقے چار خیل میں گزشتہ رات کو سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے مابین جھڑپ کے نتیجے میں ایک سیکیورٹی اہلکار شہید جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔ جس پر سیکیورٹی فورسز نے بھی جوابی کارروائی شروع کردی، فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ جبکہ 5 دہشت گردوں کو مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔ دہشت گردوں کی لاشوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق جھڑپ کے دوران حوالدار شیرزمان شہید ہوگئے جبکہ زخمیوں میں لانس نائیک عجب خان، سپاہی بلبل نادر اور حوالدار خالق امین شامل ہیں۔
شہید سیکیورٹی اہلکار کی لاش اور زخمیوں کو میرانشاہ ملٹری ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ شہید حوالدار شیرزمان والد فتح خان کا تعلق ضلع میانوالی سے تھا اور ان کی عمر ،38 سال تھی۔
ذرائع نے بتایا کہ حملہ آوروں کی لاشیں اور گرفتار کئے گئے حملہ آوروں کو سیکیورٹی فورسز نے اپنے تحویل میں لے لیا ہے۔ اور تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
جھڑپ کے بعد علاقے میں کرفیو نافذ کر دیا گیا بویا اور آس پاس کے علاقوں کا مین روڈ بند کردیا گیا۔
واقعے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا گھیراؤ کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا۔