ڈی آئی خان (توقیر حسین زیدی) ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹانک روڈ پر ظفر آباد کالونی کے قریب دہشتگردوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ میں دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کالعدم تحریک طالبان کے مقامی کھیارہ گروپ کے انتہائی اہم و مطلوب دہشتگردوں کی ٹانک روڈ ظفر آباد کے علاقہ میں موجودگی کی اطلاع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ سرچ آپریشن کیا۔
ذرائع کے مطابق ایک مشکوک مکان میں مبینہ دہشتگردوں کی موجودگی پر سیکورٹی اہلکاروں نے مکان کو گھیرے میں لیا۔ اس دوران مکان میں موجود مسلح دہشتگردوں نے سیکورٹی اہلکاروں پر فائر کھول دیا۔ جوابی کاروائی میں دو دہشت گرد مارے گئے۔
ذرائع کے مطابق کالعدم تحریک طالبان کے مقامی کھیارہ گروپ کے اہم کمانڈر عامر ابوبکر گرنیڈی اور غلام جیلانی کے نام سے تصدیق ہوئی۔ ہلاک ہونے والے دونوں دہشتگرد پولیس کو شیعہ ٹارگٹ کلنگ اور دہشتگردی سمیت دیگر خطرناک درجنوں مقدمات میں مطلوب تھے۔
ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔