لاہور (ڈیلی اردو) لاہور کے علاقے ٹاؤن شپ کے قریب تحفظ ختم نبوت ﷺ کانفرنس میں دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے ایک نوجوان شہید اور 10 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے ٹاؤن شپ میں محمد علی روڈ کے قریب ایک مسجد میں دھماکا ہوا ہے۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی بم ڈسپوزل سکواڈ، پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طورپر موقع پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے میں ایک نوجوان شہید اور 10 زخمی ہوئے ہیں، ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے زخمیوں کو جناح ہسپتال منتقل کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق دھماکہ جامعہ مسجد علی المرتضیٰ اسلامک سنٹر میں جاری تحفظ ختم نبوت ﷺ کانفرنس میں اسٹیج کے پچھلی طرف ہوا ہے جس میں ایک حافظ قرآن شہید ہوا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ دھماکے میں شہید ہونے والا نوجوان حافظ محمود جوکہ حافظ قرآن ہے۔ جبکہ دھماکے میں حافظ عبدالغفار المدنی کی ایک آنکھ ضائع ہو گئی ہے۔ دیگر زخمیوں میں 60 سالہ محمد آفاق، 30 سالہ محمد اسلم، 40 سالہ دلشاد، 25 سالہ احسان، 20 سالہ عبدالغفور، 22 سالہ ابوبکر اور 27 سالہ اشفاق وغیرہ شامل ہیں۔
ختم نبوت ﷺ کانفرنس میں کالعدم تنظیم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کے بیٹے حافظ طلحہ سعید، حافظ عبدالغفار مدنی اور دیگر علماء نے شرکت کرنا تھی تاہم بعض علماء کانفرنس میں پہنچ چکے تھے جبکہ مذکورہ بالا دونوں حضرات ابھی تک سٹیج پر نہیں آئے تھے۔
دوسری جانب ایڈیشنل آئی جی پولیس انعام غنی نے دعوی کیا ہے کہ دھماکا سلنڈر پھٹنے سے ہوا ہے۔