نئی دہلی (ڈیلی اردو) بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں فیکٹری میں آگ لگنے سے 43 مزدور ہلاک ہو گئے، جبکہ 50 سے زائد افراد کو ریسکیو کر لیا گیا ہے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کے علاقے اناج منڈی میں بیگ بنانے والی فیکٹری میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا۔
حکام کے مطابق آگ فیکٹری کی ورک شاپ میں صبح پانچ بجے لگی جب بیشتر ملازمین سو رہے تھے۔ مرنے والوں میں زیادہ تر 15 سے 20 سال کے نوجوان موجود ہیں۔
فیکٹری میں لگنے والی آگ پر فائر بریگیڈ کی 15 گاڑیوں کی مدد سے کافی جدوجہد کے بعد کچھ گھنٹوں میں قابو پالیا گیا۔
فیکٹری میں دھواں بھرنے سے متعدد افراد بے ہوش ہو گئے جنہیں قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ آگ فیکٹری کی ورک شاپ میں لگی البتہ آگ لگنے کی وجہ اب تک سامنے نہیں آسکی ہے اور اس حوالے سے تفتیش کی جا رہی ہے۔