لاہور: مسلح موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ڈولفن پولیس کا اہلکار شہید

لاہور (ڈیلی اردو) لاہور کے علاقے محمود بوٹی بند روڈ پر نامعلوم سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ڈولفن اہلکار شہید ہوگیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اہلکار محسن کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال پہنچایا گیا لیکن جانبر نہ ہوسکا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈولفن اہلکار پیٹرولنگ پر موجود تھے کہ مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کا اشارہ کیا لیکن انہوں نے ڈولفن ٹیم نمبر 362 پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ سے اہلکار محسن کے سر پر گولی لگی جس سے وہ شہید ہوگیا تاہم ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔ ایس پی ڈولفن نوید ارشاد کا کہنا ہے کہ مختلف پہلووں پر تفتیش کر رہے ہیں۔ ادھر پولیس بے شہید ہونے والے ڈولفن اہلکار کی لاش کو مردہ خانے منتقل کر دیا ہے۔

ڈولفن اہلکار کی شہادت کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے شہید اہلکار محسن کے غمزدہ خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ فرض کی ادائیگی کے دوران شہادت کا بلند رتبہ پانے والے شہید اہلکار کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے پولیس حکام کو ہدایت کی ہے کہ فائرنگ کے ذمہ دار ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کی گرفت میں لایا جائے۔

آئی جی پنجاب شعیب دستگیر نے بھی لاہور میں ڈولفن فورس کے اہلکار کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ محسن نے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ میں اس کی بہادری اور فرض شناسی کو سیلوٹ پیش کرتا ہوں۔

آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کو ہر صورت یقینی بنائیں۔ شہید کے لواحقین کی ویلفیئر ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ پنجاب پولیس عوام کی جان ومال کے تحفظ کے لیے بلا خوف وخطر قربانیوں کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں