بنوں (نمائندہ ڈیلی اردو) خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں بازار میں نامعلوم افراد کی چنگ چی رکشہ پر فائرنگ سے ایک خاتون پولیو ورکر شہید جبکہ ڈرائیور زخمی ہوگیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق خاتون پولیو ورکر بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے گئی تھیں۔ اہلکار کے مطابق اس علاقے میں موٹر سائیکل پر سوار مسلح افراد آئے اور انھوں نے پولیو ورکرز کو فائرنگ کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک خاتون ورکر شہید جبکہ ڈرائیور زخمی ہوگیا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ تھانہ بسیہ خیل کی حدود علاقہ نظیم بازار میں پولیو لیڈی ہیلتھ ورکر پر رکشے میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کی۔ جو موقع پر ہی شہید ہو گئی۔
ذرائع کے مطابق لیڈی پولیو ورکر مسماۃ بستاج بی بی دختر منور شاہ سکنہ نسیم اکبر شاہ شیخان چنگ چی رکشہ میں سوار تھی کہ تھانہ بسیہ خیل کی حدود نظیم بازار میں نامعلوم مسلح افراد نے اُن پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں لیڈی ورکر موقع پر ہی شہید جبکہ رکشہ میں سوار عبدالروف نامی شخص زخمی ہو گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ لیڈی ہیلتھ ورکر بستاج بی بی آئی ڈی پیز کیمپ بکاخیل میں پولیو مہم کی ڈیوٹی کرتی تھی۔
دوسری جانب نامعلوم افراد فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ واقعے کے بعد پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔
خیال رہے کہ بنوں میں تین روزہ پولیو مہم 9 دسمبر سے شروع ہوا ہے اور اس واقعے کے بعد ضلع میں پولیو مہم تعطل کا شکار ہونے کا خدشہ ہے۔
خیال رہے کہ رواں برس ملک میں اب تک 94 پولیو کے کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں سے 24 کا تعلق بنوں سے ہیں۔