پاراچنار (محمد صادق) قبائلی ضلع کرم حسن زئی قبائل کے عمائدین نے کہا ہے کہ ان کے سینکڑوں ایکڑ اراضی پر قباد شاہ خیل قبائل نے قبضہ کیا ہے اور مختلف طریقوں سے حسن زئی کے عمائدین کو تنگ کررہے ہیں اراضی تنازعہ کا فیصلہ کاغذات مال کے مطابق کرکے دو اقوام کے مابین تصادم روکا جائے۔
پاراچنار پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حسن زئی قبائل کے عمائدین ملک مہدی حسین، کربلائی قدم علی، طاہر حسین، کربلائی محمد حنیف، محبت علی، ملک علی وزیر اور دیگر عمائدین نے کہا کہ قباد شاہ خیل قبائل نے ان کے سینکڑون ایکڑ اراضی پر قبضہ کرلیا ہے اور اپنا ناجائز قبضہ برقرار رکھنے کیلئے حسن زئی قبائل اور عمائدین کو مختلف طریقوں سے تنگ کررہے ہیں ،یہاں تک کہ 2016 کو فائرنگ کے دوران اتفاقی طور پر جان بحق ہونے والے سید شجاعت حسین کے قتل کے اعتراف جرم علی زمان نے کرلیا ہے اور وہ جیل میں ہے مگر قباد شاہ قبائل دیگر لوگوں کو پھنسانے کیلئے بے گناہ لوگوں اور عمائدین پر الزامات لگا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کیس عدالت میں ہے اور عدالت کا جو بھی فیصلہ آئے انہیں قبول ہوگا۔
حسن زئی قبائل کے عمائدین نے مطالبہ کیا کہ قبادشاہ خیل کا غیر قانونی قبضہ ختم کیا جائے اور غیر ضروری طور پر حسن زئی قبائل کو تنگ نہ کیا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اراضی تنازعہ کو کاغذات مال کی رو سے حل کیا جائے تاکہ دو اقوام کے مابین تصادم پیدا نہ ہو۔