لاہور (ڈیلی اردو) قومی ویٹ لفٹنگ ٹیم ساﺅتھ ایشین گیمز میں میڈلز جیتنے کے بعد نیپال سے وطن واپس پہنچ گئی۔
علامہ اقبال ایئر پورٹ لاہور پر پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کے عہدیداروں اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے آفیشلز نے کھلاڑیوں کا استقبال کیا۔
واضح رہے کہ قومی ویٹ لفٹنگ ٹیم کے کھلاڑیوں نے ساﺅتھ ایشین گیمز میں آٹھ میڈلز حاصل کئے جن میں پانچ طلائی، دو چاندی اور ایک کانسی کا تمغہ شامل ہے۔
سونے کے تمغے حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں طلحہ طالب، حیدر علی، عثمان امجد راٹھور، محمد نوح دستگیر بٹ اور ہنزلہ دستگیر بٹ شامل ہیں۔
ابوسفیان 67 کلوگرام اور رابعہ رزاق نے 87 کلوگرام ویٹ میں چاندی کے تمغے حاصل کئے جبکہ صائمہ شہزاد نے 55 کلوگرام ویٹ میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔
کوچنگ کے فرائض علی اسلم چوہدری اور نزہت جبین نے انجام دیئے۔
ساﺅتھ ایشین گیمز میں سات ممالک کے کھلاڑیوں نے حصہ لیا جن میں پاکستان، بھارت، نیپال، بھوٹان، مالدیپ، سری لنکا اور بنگلہ دیش شامل تھے۔