پشاور (ڈیلی اردو) کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے صوبہ بھر میں چوری اور چھیننے گئے موبائل فونز کی ”آئی ا یم ای آئی“تبدیل کرکے افغانستان کے بعد سویڈن سمگل کرنیوالے بین الاقوامی گروہ کو گرفتار کرلیا۔ سرغنہ سمیت گرفتار تین ملزموں کے قبضے سے 11 قیمتی موبائل فونز کی آئی ایم ای آئی تبدیل کرنیوالے آلات اور دیگر سامان برآمد کر لیا گیا۔ گروہ میں موبائل فونز خریدنے والا ڈیلر بھی شامل ہے۔
سی سی پی او محمد علی گنڈا پور کی ہدایت پر پشاور پولیس نے جرائم پیشہ افراد کیخلاف گھیرا تنگ کیا۔ جس کی روشنی میں گزشتہ روز ایس ایس پی آپریشن ظہور بابر آفریدی کی سربراہی میں اے ایس پی حیات آباد حسن جہانگیر اور ایس ایچ او پشتخرہ عبداللہ جلال پر مشتمل خصوصی ٹیم نے مشکوک افراد کو شامل تفتیش کرنے کے ساتھ ساتھ حالیہ دنوں جیل سے رہا ہونے والے افراد کا ڈیٹا بھی اکٹھا کیا اس کے دوران گروہ کے مرکزی ملزم اسد نعمان ولد امان اللہ سکنہ وزیر باغ کو گرفتار کر لیا جس نے ابتدائی تفتیش کے دوران موبائل فونز چھین کر اونے پونے داموں کباڑی بازار پشاور شہر میں ایک دکاندار پر فروخت کرنے کا بھی انکشاف کیا۔
جس پر چوری اور چھینے گئے موبائل فونز کا کاروبار کرنے والے دکاندار ریسیور جلال ولد زاہد اللہ سکنہ گنج اور دوسرے ساتھی عثمان ولد نور رحمان سکنہ کاکشال کو بھی گرفتار کر لیا جنہوں نے مسروقہ موبائل فونز ہمسایہ ملک افغانستان کے بعد سویڈن سمگل کرنے کاانکشاف کیا ہے پولیس نے گروہ کے قبضے سے 11 قیمتی موبائل فونز، مسروقہ موبائل فونز کی فروخت کے عوض حاصل کی گئی رقم بھی برآمد کر لی گئی ہے۔