اسلام آباد (ڈیلی اردو) اسلام آباد ہائیکورٹ نے آصف زرداری کی ایک ایک کروڑ روپے کے مچلکے کے عوض ضمانت منظور کرلی
اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق صدرآصف علی زرداری کی طبی بنیادوں پر ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
چیف جسٹس اطہرمن اللہ اور جسٹس عامرفاروق پر مشتمل اسلام آباد ہائی کورٹ کے دورکنی خصوصی بنچ نے میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین کیسز میں آصف زرداری اور فریال تالپور کی درخواست ضمانت کی سماعت کی۔
نیب پراسیکیوٹر جہانزیب بھروانہ اور آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک پیش ہوئے۔ عدالت کے حکم پر نیب پراسیکوٹر جہانزیب بھروانہ نے آصف زرداری کی میڈیکل رپورٹ پڑھ کر سنائی۔
میڈیکل بورڈ کی رپورٹ میں کہا گیا کہ آصف علی زرداری دل کے عارضے سمیت مختلف قسم کی بیماریوں میں مبتلا ہیں، انہیں شوگر کی بیماری بھی لاحق ہے۔
عدالت نے دونوں مقدمات میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین کیسز میں آصف زرداری کی طبی بنیادوں پر درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے ایک ایک کروڑ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔
واضح رہے کہ آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور نے طبی بنیادوں پردرخواست ضمانت دائر کی ہے۔ آصف علی زرداری کا موقف ہے کہ انہیں دل کی بیماری اور شوگر ہے جس کے مستقل علاج کے لیے رہائی کی ضرورت ہے۔
فریال تالپور نے درخواست میں کہا ہے کہ اسپیشل بچی کی والدہ ہوں جس کی دیکھ بھال کے لیے ٹرائل مکمل ہونے تک ضمانت منظور کی جائے۔