پشاور (ڈیلی اردو) خیبر پختونخوا میں ایک ہی روز مزید 4 بچوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں رواں برس پولیو کیسز کی تعداد 72 ہوگئی ہے۔
ضلع لکی مروت سے 3 اور ضلع ٹانک سے ایک متاثرہ بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق کی گئی ہے۔ نئے کیسز کے بعد خیبرپختونخوا میں پولیو کیسز کی تعداد 72 ہوگئی ہے۔
ضلع لکی مروت کی تحصیل سرائے نورنگ کی ایک ہی یونین کونسل تختی خیل سے 3 ماہ کے بچے اور 11 ماہ کی بچی کو پولیو وائرس نے متاثر کیا ہے جبکہ لکی مروت کی ہی یونین کونسل درا تنگ سے بھی 11 ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق کی گئی ہے۔
پولیو ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق لکی مروت کے بچوں نے پولیو سے بچاؤ کے کوئی قطرے نہیں پئے تھے۔ ان کیسز میں ایک متاثرہ بچی کا تعلق انکاری خاندان سے بھی بتایا جارہا ہے۔
اس کے علاوہ ضلع ٹانک سے بھی قومی ادارہ صحت اسلام آباد نے 12 ماہ بچی کو بھی پولیو وائرس نے متاثر ہونے کی تصدیق کی ہے۔
اس طرح ملک بھر میں پولیو کیسز کی تعداد 98 تک پہنچ گئی ہے جس میں اب تک خیبرپختونخوا میں 72، سندھ سے 14 ،بلوچستان سے 7 اور پنجاب سے 5 کیسز سامنے آئے ہیں۔
پولیو ایمرجنسی آپریشن سینٹر پشاور کی رپورٹ کے مطابق رواں برس بنوں سے 24 بچے اور لکی مروت سے 22 بچے پولیو وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ شمالی وزیرستان سے 8، تورغر سے 7، ڈی آئی خان، ہنگو اور بنوں سے 2،2 اور باجوڑ، چارسدہ، خیبر، شانگلہ اور جنوبی وزیرستان سے ایک ایک کیس ریکارڈ ہوا ہے۔