میران شاہ (ڈیلی اردو) پراونشیل ڈیزاسٹر مینجمینٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے شمالی وزیرستان کے اپریشن ضرب عضب کے متاثرین کیلئے ماہوار امداد کے سلسلے میں 19 کروڑ روپے کا فنڈ ریلیز کردیا گیا جو متاثرین خاندانوں کو حسب معمول ایک دو دن میں سم کارڈ کے ذریعے سے ملنا شروع ہو جائے گا۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان کی طرف سے میڈیا کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حال میں ریلیز ہونے والی متاثرین کی ماہوار امدادی رقم کا یہ 64 واں قسط ہے جو ہر ماہ شمالی وزیرستان کے 15 ہزار سے زائد خاندانوں کو نقد مالی امداد کی صورت میں دی جا رہی ہے۔
اس بارے میں ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے پرویز خان ثبت خیل نے بتایا کہ جب سے اپریشن ضرب عضب شروع ہوا ہے شمالی وزیرستان کے متاثرین کی مالی مشکلات کم کرنے کیلئے ہر ماہ باقاعدگی سے یہ رقم جاری کی جاتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مالی امداد کے علاوہ بھی متاثرین کو ماہوارغذائی مواد ، راشن اور غیر غذائی اشیاء کی بھی مدد دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کی تکالیف سے اگاہ ہیں اور انہیں کم سے کم کرنے کیلئے پی ڈی ایم اے ہر وقت کوشاں ہے۔