بلوچستان: قلعہ سیف اللہ میں مسافر بس اور پیٹرول سے پک اپ میں ہولناک تصادم، 15 افراد جاں بحق

کوئٹہ (نمائندہ ڈیلی اردو) صوبہ بلوچستان میں مسافر کوچ اور پٹرول سے بھری پک اپ کے درمیان حادثے میں 15 مسافر جاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق ضلع قلعہ سیف اللہ میں ڈیرہ غازی خان سے کوئٹہ آنے والی مسافر کوچ اور پٹرول سے بھری پک اپ کے درمیان تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 15 افراد جاں بحق ہوگئے۔

سرکاری حکام کے مطابق جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب قلعہ سیف اللہ میں مسلم باغ کے علاقے کان مہترزئی ٹاپ پر پیٹرول سے بھری پک آپ اور مسافر بس میں تصادم کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔

لیویز حکام نے بتایا ہے کہ اگ لگنے سے پک اپ اور اور بس مکمل طور جل کر خاکستر ہوگئے۔

قلعہ سیف اللہ حادثے میں مسافر بس کا ایک زندہ مسافر بچ گیا جس نے بتایا کہ بس میں خواتین اور بچوں سمیت 13 مسافر سوار تھے۔ حادثے کے بعد دونوں گاڑیاں روڈ سے نیچے کھائی میں جا گریں۔

ڈپٹی کمشنر قلعہ سیف اللہ کے مطابق حادثے کے بعد دونوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی جس کے باعث مسافر جھلس کر جاں بحق ہوئے، جاں بحق افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

ڈی سی قلعہ سیف اللہ کا مزید بتایا کہ مسافروں کا تعلق ڈیرہ غازی خان، لورالائی اور کوئٹہ سے ہے تاہم لاشیں جھلس جانے کے باعث ناقابل شناخت ہو گئی ہیں، لاشوں کو شناخت اور ڈی این اے کے لئے کوئٹہ منتقل کیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں