افغانستان: غزنی میں سڑک کنارے دھماکا، 10 شہری شہید، 6 زخمی

کابل (ڈیلی اردو) افغانستان کے صوبے غزنی میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے ایک سولین گاڑی تباہ ہو گئی جس کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد شہید ہوگئے۔ 6 افراد زخمی بھی ہوئے۔

افغان میڈیا کے مطابق افغانستان کے صوبے غزنی میں دائکنڈی سے آنے والی مسافر بس کو سڑک کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم سے اُڑا دیا گیا، واقعہ صوبہ جغتو میں پیش آیا۔

صوبہ غزنی ہائی وے پر سڑک کنارے نصب بم دھماکے میں بچوں اور خواتین سمیت 10 افراد شہید جبکہ 6 زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ادھر صدر اشرف غنی کے ترجمان صدیق صدیقی نے اپنی ٹویٹ میں 10 مسافروں کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے بم دھماکے کی ذمہ داری افغان طالبان پر عائد کی ہے۔

ترجمان کے مطابق شہدا اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

ابتدائی طور پر کسی گروپ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ نہیں کیا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں