آرمی چیف قمر جاوید باجوہ سے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کی ملاقات

راولپنڈی + اسلام آباد (ڈیلی اردو) آرمی چیف قمر جاوید باجوہ سے امریکہ کے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکہ کے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ اس موقع پر امریکی ناظم الامور مسٹر پال ڈبلیو ولسن بھی موجود تھے۔ ملاقات میں علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور افغانستان میں دوبارہ شروع ہونے والے مفاہمتی عمل پر خصوصی بات چیت ہوئی۔

دریں اثناء افغان امن عمل کیلئے امریکا کے نمائندہ خصوصی برائے افغان زلمے خلیل زاد نے وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی، افغان امن عمل سمیت خطے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان شروع دن سے اس موقف پر قائم ہے کہ طاقت کا استعمال افغان مسئلے کا حل نہیں۔

ہمیں توقع ہے کہ امریکہ طالبان مذاکرات جلد بحال ہونگے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کا دارومدار، افغانستان میں قیام امن سے وابستہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان، مشترکہ ذمہ داری کے تحت افغان امن عمل میں اپنا مصالحانہ کردار، خلوص نیت سے ادا کرتا رہے گا۔ زلمے خلیل زاد نے وزیر خارجہ کو افغان طالبان اور امریکہ کے درمیان وفود کی سطح پر ہونے والے مذاکرات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

افغان امن عمل کے لیے امریکا کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کے مصالحانہ کردار کی تعریف کی۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں