اسلام آباد (ڈیلی اردو) سقوط ڈھاکہ کو 48 سال مکمل ہونے پر کل کا دن یوم سیاہ کے طور پر منایا جائے گا۔ مخفی قوتوں کی سازشوں کے نتیجے میں اس دن مشرقی پاکستان علیحدہ ہوا تھا۔1962ء کے آغاز میں بنگالی رہنما شیخ مجیب الرحمن اور بھارت نے پاکستان کو توڑنے کی مشترکہ منصوبہ بندی شروع کی تھی۔
بھارت نے 1965ء کی پاک بھارت جنگ کے بعد اپنے خفیہ ادارے (را) کے ذریعے بنگالیوں کے جذبات بھڑکانا شروع کئے۔
”را” نے ایک شدت پسند تنظیم MUKTI BAHINI قائم کی جو بھارتی ایجنٹوں، انتہاپسندہندوؤں اور باغی بنگالیوں پر مشتمل تھی۔
تنظیم نے بنگالی آبادی پرخونریزی، عصمت دری ، لوٹ مار سمیت بڑے پیمانے پر مظالم ڈھائے جبکہ بھارتی ذرائع ابلاغ نے ان تمام کارروائیوں کا الزام پاک فوج پر لگایا۔
مکتی باہنی نے مشرقی پاکستان کی متحدہ پاکستان کی حامی آبادی کو بھی ہدف بنایا۔ امریکی قونصل خانے کے اعداد و شمار کے مطابق ان کارروائیوں میں 66 ہزار غیر بنگالی مارے گئے۔بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے مشرقی پاکستان کی علیحدگی میں اپنے ملک کے ملوث ہونے کا برملا اعتراف کیا ہے۔