اے پی ایس کا قتل عام کبھی نہیں بھولیں گے، شہدا کے خاندانوں کو سلام پیش کرتا ہوں: آرمی چیف

راولپنڈی (ڈیلی اردو) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کو شکست دینے کیلئے بطور قوم طویل سفر طے کیا اور بیرونی دشمنوں کو پیغام ہے کوئی پاکستان کا بال بیکا نہیں کر سکتا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سانحہ آرمی پبلک اسکول کی 5 ویں برسی پر اپنے پیغام میں کہا کہ اے پی ایس کا قتل عام کبھی نہیں بھولیں گے، سانحے کے شہداء اور غمزدہ خاندانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ اے پی ایس سانحہ کے پانچ مجرموں کو فوجی عدالتوں نے پھانسی دی اور دہشت گردی کو شکست دینے کیلئے بطور قوم طویل سفر طے کیا، ہم متحد ہوکر پاکستان کے پائیدار امن اور خوشحالی کی جانب گامزن ہیں۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ایک ایسی فوج کا چیف ہوں جس کے جوان ملک کی خاطر جان نچھاورکرنےکوتیار ہوتے ہیں اور ملک کے باہرسے پاکستان کودھمکیاں دینے والوں کوپیغام ہےکوئی اس ملک کابال بیکا نہیں کر سکتا۔

واضح رہے کہ 16 دسمبر 2014ء کو دہشت گردوں نے آرمی پبلک اسکول ورسک روڈ پشاور کے اندر قتل عام کرتے ہوئے طلبا اور پرنسپل طاہرہ قاضی سمیت 150 افراد کو شہید کردیا تھا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں