اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہمارا نظام عدل یہ ہے کہ 15 مرغیاں چوری کرنے والا جیل میں ہے اور 1500 ارب چوری کرنے والا پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین ہے۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان کی سیاست کی بدولت نواز شریف اورآصف زرداری کا اصل چہرہ عوام کے سامنے آیا، عمران خان کی جدوجہد کی بدولت ہی نواز شریف اور آصف زرداری کی سیاست قصہ پارینہ بن چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی طور پر تحریک انصاف کو کسی قسم کا کوئی چیلنج نہیں، ہمیں اقتدار میں آتے ہی سب سے اہم چیلنج معیشت کا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ جس طرح ڈاکو ڈاکے کے بعد اپنی عیاشیوں پر پیسے لٹاتا ہے، پچھلے حکمرانوں نے بھی ملک کے ساتھ ایسا ہی کیا، ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے پاکستانی کی معیشت کا بیڑا غرق کیا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ دھرنے کی وجہ سے عام لوگوں میں شعور اور حقوق کی فراہمی کی بات ہوئی، دھرنے کے بعد عوام میں سیاسی شعور پیدا ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سے پہلے صرف دو سیاسی جماعتوں میں لوگ پھنسے ہوئے تھے، عمران خان غریب عوام کی آواز بنے اور اسٹیٹس کو شکست دی۔
ان کا کہنا تھا کہ آج مڈل کلاس تکلیف میں ہے لیکن حکومت کے پاس ریلیف کے لیے پیسہ نہیں، آج میڈیا سے لوگوں کو نکالا جارہا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مجموعی آمدن 5 سے 6 ٹریلین روپے ہے جس میں 632 ارب روپے تو خسارہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی تبدیلی سے نظام تبدیل نہیں ہوتا، نظام کی تبدیلی کے لیے مستقل کوششوں کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ 15 مرغیاں چوری کرنے والا جیل میں ہے اور 1500 ارب چوری کرنے والا پی اے سی کا چیئرمین ہے، یہ ہے ہمارا نظام عدل۔
فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان اقتدار میں آیا ہے لیکن نظام ابھی نہیں بدلا، آپ اور ہم مل کر نظام بدلیں گے۔