لندن (ڈیلی اردو) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے سانحہ اے پی ایس کے پانچ سال مکمل ہونے پر متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قومی سانحہ پر قوم کے دل آج بھی زخمی ہیں۔
اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اپنے معصوم بچوں کے غم میں ذہنی توازن کھو بیٹھنے والی ماﺅں کو ہم بھلا نہیں سکتے۔
سانحہ اے پی ایس کے معصوم بچوں کا پاک خون دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے عزم کا بین ثبوت ہے، یہ دن پوری دنیا کے لئے پیغام ہے کہ پاکستان کا بچہ بچہ دہشت گردی کے خلاف ہے، رنگ و نسل، مذہب و عقیدہ اور کسی علاقے کی تفریق کے بغیر پاکستانی قوم نے دہشت گردی کے خلاف لہو دیا ہے۔
سانحہ اے پی ایس نے دہشت گردی کے خلاف پوری قوم کو ایک بیانیہ دیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ معصوم بچوں کے پاک لہو نے ہی پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمے میں فیصلہ کن کردار ادا کیا، مسلح افواج، پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت پوری قوم کو دہشت گردی کے خلاف عظیم قربانیوں پر سلام پیش کرتے ہیں، ہر شہید ہمارا ہیرو اور اس کے اہلخانہ پاکستان کے حقیقی وارث ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اﷲ تعالیٰ شہداء کے درجات کو بلند فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل دے۔