سانحہ آرمی پبلک سکول کے شہداء کی پانچویں برسی منائی گئی

اسلام آباد (ش ح ط) سانحہ آرمی پبلک سکول کے شہداء کی پانچویں برسی منائی گئی۔ اس سلسلہ میں ملک بھر میں تعلیمی اداروں سمیت مختلف مقامات پر قرآ ن اور فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا اور شہداء کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

مختلف مقامات پر شہداءکی یاد میں شمعیں بھی روشن کی گئیں اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان کے دشمنوں کو ان کے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

اس دن کی مناسبت سے ملک کے مختلف تعلیمی اداروں میں خصوصی تقریبات کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں شہید طلباء اور اساتذہ کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

یاد رہے کہ 5 سال قبل 16 دسمبر 2014 کی صبح دہشت گردوں نے پشاور کے آرمی پبلک اسکول میں بزدلانہ کارروائی کرتے ہوئے 134 طالبِ علموں سمیت 150 افراد کو شہید کردیا تھا جبکہ اس کارروائی میں پاک فوج کے اسپیشل سروسز گروپ کے 6 اہلکار اور 2 افسر بھی زخمی ہوئے تھے۔

کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے اہم کمانڈر احسان اللہ احسان نے اس مذموم کارروائی کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ جو کہ اُس وقت طالبان کے ترجمان تھے اور اب حکومت کے زیر حراست ہے۔

واقعے کے بعد حکومت کی جانب سے آل پارٹیز کانفرنس منعقد کی گئی تھی جس میں متفقہ طور پر نیشنل ایکشن پلان مرتب کیا گیا تھا جس کے تحت پورے ملک میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز کا آغاز ہوا۔

ان آپریشنز میں سیکڑوں کی تعداد میں دہشت گرد مارے گئے جبکہ بڑی تعداد میں انہیں گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمات چلائے گئے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں