سابق صدر جنرل پرویز مشرف کی سزائے موت پر افواج پاکستان کا شدید ردعمل

راولپنڈی (ڈیلی اردو) سابق صدر اور آرمی چیف جنرل پرویز مشرف سے متعلق فیصلے پر افواج پاکستان کا شدید ردعمل سامنے آگیا۔

تفصیلات کے مطابق سابق صدر پرویز مشرف کی سزائے موت پر افواج پاکستان نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ فیصلے پر افواج پاکستان میں غم و غصہ اور اضطراب ہے۔

ترجمان افواج پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ خصوصی عدالت کے فیصلے پر افواجِ پاکستان میں شدید غم و غصہ اور اضطراب ہے، جنرل (ر) پرویز مشرف آرمی چیف، چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور صدرِ پاکستان رہے ہیں، انہوں نے 40 سال سے زیادہ پاکستان کی خدمت کی اور ملک کے دفاع کے لیے جنگیں لڑی ہیں۔

ترجمان افواج پاکستان نے بیان میں کہا کہ جنرل (ر) پرویز مشرف کسی صورت بھی غدار نہیں ہو سکتے، کیس میں آیئنی اور قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے جب کہ پرویز مشرف کو اپنے دفاع کا بنیادی حق بھی نہیں دیا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے بیان میں کہا کہ عدالتی کارروائی شخصی بنیاد پر کی گئی جب کہ کیس کو عجلت میں نمٹایا گیا ہے، افواجِ پاکستان توقع کرتی ہیں کہ جنرل پرویز مشرف کو آئین پاکستان کے تحت انصاف دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ خصوصی عدالت نے سابق صدر اور آرمی چیف جنرل (ر) پرویز مشرف کو آرٹیکل 6 کے تحت ملک سے غداری کے جرم میں سزائے موت سنائی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں