پاراچنار (محمد صادق) پلاننگ آفیسر محکمہ صحت خیبر پختونخوا شمس الحسن نے کہا ہے کہ صوبے میں ضم ہونے والے ہسپتالوں کے لیے حکومت نے اس سال دس بلین روپے بجٹ مختص کیا ہے۔ ہسپتالوں کی حالت بہتر بنانے اور عملے کی کمی دور کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔
پلاننگ آفیسر محکمہ صحت خیبر پختونخوا شمس الحسن نے قبائلی ضلع کرم کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پاراچنار کے دورے کے موقع پر ہسپتال کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ مریضوں اور ہسپتال کے عملے سے ہسپتال کے ضروریات اور عوامی مسائل کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی۔
ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر ناصر حسین نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر شمس الحسن کا کہنا تھا کہ ہسپتال کی حالت بہتر بنانے اور عوامی مسائل حل کے لئے مختلف اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
انہوں نے ہسپتال کے ایم ایس کو ہدایت کی کہ وہ تمام یونٹس کے انچارجز سے ہسپتال کے ضروریات کے حوالے سے رپورٹ طلب کر کے پیش کریں۔
اس موقع پر پلاننگ آفیسر شمس الحسن کا کہنا تھا کہ حکومت خیبر پختونخوا میں ضم ہونے والے قبائلی اضلاع کے ہسپتالوں کی حالت بہتر بنانے اور ہسپتالوں کے مسائل کے حل اور جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیے اس سال ایکسلریٹڈ ایمپلامنٹشن پروگرام کے تحت دس بلین روپے فراہم کر رہی ہے، جس سے قبائلی اضلاع کے عوام کو صحت کہ حوالے سے درپیش مسائل کا خاتمہ ہو جائے گا۔